آسمان پر چمکتے 2 پُراسرار بگولے معمہ بن گئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)کینیڈا میں ایک جوڑا سیروتفریح کے دوران دریا کے اوپر 2 چمکتے ہوئے پُراسرار بگولے دیکھ کر دنگ رہ گیا اور ویڈیو سوشل میڈیا پر جاری کردی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جسٹن اسٹیونسن اور ان کی اہلیہ ڈینیئل اسٹیونسن فورٹ الیگزینڈر سے گزر رہے تھے جب انہوں نے ونی پیگ نامی دریا کے اوپر پیلی روشنیوں کے جیسے چمکنے والے پُراسرار بگولوں کو دیکھا۔
یہ بگولے سورج کی طرح روشن تھے اور دور سے دیکھنے پر دریا کے اوپر آسمان کے افق پر بادلوں میں دمکتے ہوئے نظر آرہے تھے،جسٹن اسٹیونسن نے اس عجیب و غریب نظارے کو کسی سائنس فکشن فلم کے جیسا منظر قرار دیا، جسے حقیقی زندگی میں دیکھ کر آنکھوں پر یقین کرنا مشکل ہورہا تھا۔
انہوں نے واقعے کی ویڈیو فیس بک پر شیئر کی جس میں انہیں کہتے سنا جاسکتا ہے کہ "وہ کیا ہے؟ مجھے لگ رہا ہے کہ ہم کوئی خلائی مخلوق دیکھ رہے ہیں"۔
اس واقعے نے جسٹن اسٹیونسن اور ان کی اہلیہ کو یہ سوچنے پر مجبور کردیا کہ کیا واقعی انسانوں کے علاوہ بھی کوئی مخلوق اس کائنات میں موجود ہے؟
انہوں نے کہا کہ "یہ دیکھنے سے پہلے مجھے یقین نہیں تھا لیکن اب واضح ثبوت مل چکا ہے کہ انسانوں کے علاوہ بھی کوئی اس کائنات میں موجود ہے"۔یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہی ہے، بعض صارفین اسے خلائی مخلوق کی ریکارڈ کی گئی واضح ترین فوٹیج قرار دے رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:بارش نے جل تھل کر دی،موسم خوشگوار، مزید بارشوں کی پیشگوئی
کینیڈا میں گزشتہ ایک برس سے اڑن طشتریوں یا فضا میں نظر آنے والی غیر شناخت شدہ اشیا (یو ایف او) نظر آنے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے، 2023 میں کینیڈا میں ایسے تقریباً 17 واقعات رپورٹ ہوئے تھے۔