(24 نیوز)وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے لندن کے مئیر صادق خان کی ملاقات،سیاسی ،سماجی اور کرکٹ کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے لندن کے مئیر صادق خان نےملاقات کی ہے،ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ،ملاقات میں کرکٹ کے حوالے سے خاص طور پر گفتگو ہوئی۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے مئیر لندن صادق خان کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی،برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل اور پاکستان میں برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ بھی اس موقع پر موجود تھیں۔
قبل ازیں پاکستان ہائی کمشنر ڈاکٹر فیصل نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں عشائیہ دیا،چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے عشائیہ میں خصوصی شرکت کی،محسن نقوی کا کہنا ہے کہ ٹیم جیتے یا ہارے ہمیں سپورٹ کرنا چاہیے،کھلاڑیوں کو بہترین کھیل پیش کرنے کی ہدایت دی ہے،ڈرنا نہیں اچھے طریقے سے کھیلنا ہے۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا ہے کہ قوم سے درخواست ہے ٹیم کو ایک مہینہ دیں، ٹیم جیت کر آئے گی، ٹیم ایک میچ ہار جائے تو پوسٹ مارٹم ہوتا ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ورلڈکپ تک ٹیم پر تنقید نہ کرنے کی درخواست کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ چار ہفتے بعد ٹیم فائنل میں ہوگی، اس وقت تک ٹیم کا ساتھ دیں، قومی ٹیم کے دماغ میں ایک بات ہو کہ قوم ہمارے ساتھ ہے تو وہ جیت جائے گی۔
عشائیہ میں وزیراعلیٰ بلوچستان سرفرازبگٹی، سابق وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ بھی شریک تھے۔وزیراعظم شہبازشریف کے دامادعلی عمران،اسحاق ڈارکے بیٹے علی ڈار بھی شریک تھے۔