(24نیوز)محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ظاہر کردیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی خیبر پختونخوا، شمال مشرقی بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے،ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم سرد اور خشک رہے گا، زیارت، پشین، ژوب، شیرانی اورموسیٰ خیل میں بارش اوربرف باری کی پیش گوئی کی گئی ہے جبکہ بارکھان اورخضدار میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برف باری کی توقع ہے۔
شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ،گجرات،لاہور،قصور، اوکاڑہ، حافظ آباد، جھنگ، فیصل آباد، بہاولپور، ملتان، ساہیوال، خانیوال، رحیم یار خان اور گرد و نواح میں اسموگ اور دھندچھائے رہنے کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں:سموگ کے باعث 68 فیصد پاکستانی طبی مسائل کا شکار ہیں، سروے رپورٹ
چترال، دیر، سوات، مالاکنڈ، مانسہرہ، ایبٹ آباد،کوہستان، پشاور، مردان، نوشہرہ، کرم، مہمند، خیبر، اورکزئی اور ہنگو میں بھی بارش کا امکان ہے۔
کوہاٹ میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے، گلگت بلتستان میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش اور برف باری کی پیشگوئی ہے جبکہ آزاد کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
دوسری جانب وادی کاغان میں برفباری کے باعث سیاحتی مقام ناران اور اس سے آگے سڑک کو بند کردیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر مانسہرہ نے کہا ہے کہ سیاح ناران کا سفر نہ کریں، موسمی حالات کے پیش نظر ناران کا سیاحتی سیزن اختتام پذیر ہوگیا ہے۔کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی حکام کا کہنا ہے کہ سیاح شوگراں اور بالاکوٹ کے دیگر سیاحتی مقامات کی سیر کر سکتے ہیں۔
برف باری اور راستے بند ہونے کے باعث ناران اور بالائی مقامات کو بند کیا ہے، گڑھی حبیب اللہ، بالاکوٹ، گھنول، کیوائی اور ترنہ کے علاقے سیاحوں کیلئے کھلے ہیں۔