ہائبرڈ فارمولا نہیں چاہیے ,نیا فارمولابرابر ی کی بنیاد پر بنے گا:محسن نقوی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی ) محسن نقوی نے کہاہے کہ ابھی ہائبرڈ فارمولے پر نہیں گئے ،جو بھی نیا فارمولابنے گا وہ برابر ی کی بنیاد پر بنے گا،بہت ساری چیزیں ہو سکتی ہیں مگر جیت ہم نے کرکٹ کی کرنی ہے۔
دبئی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ بہت ساری چیزیں چل رہی ہیں،میں اس وقت کوئی ایسی چیز نہیں چاہ رہا جس سے سب کچھ خراب ہو،کچھ چیزوں پر ہم نے اور کچھ پر بھارتی بورڈ نے بھی اپنی رائے دی ہے،سب کی کوشش ہے کہ وِن وِن ہو،ہماری کوشش ہے کہ کرکٹ کی جیت ہو،سب سے ضروری یہ ہے کہ عزت کےساتھ سب کچھ ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم وہ چیز کریں گےجوکرکٹ کےلئے بہترین ہو،ابھی ہائبرڈ فارمولے پر نہیں گئے ہیں،جو بھی نیا فارمولابنے گا وہ برابر ی کی بنیاد پر بنے گا،بہت ساری چیزیں ہو سکتی ہیں مگر جیت ہم نے کرکٹ کی کرنی ہے،پاکستان کے لئے سب سے ضروری پاکستان کی عزت ہےاس کےبعد ساری چیزیں ہیں،انشاءاللہ جیت کرکٹ کی بھی کرنی ہے اور پاکستان کی عزت بھی رکھنی ہے۔
صحافی نے محسن نقوی سے سوال کیا کہ شائقین پاکستان انڈیا کا میچ پاکستان میں ہوتا دیکھناچاہتے ہیں جس پر ان کا کہنا تھا کہ ابھی دیکھیں کہ کیا ہوتاہے، ہردفعہ حالات مختلف ہوتے ہیں،یہ نہیں ہوسکتا کہ ون سائیڈڈ کام چلتا رہے، ہم انڈیا جائیں اور وہ نہ آئیں،ابھی کوشش ہے کہ اس کام کو مستقل بنیادوں پر حل کریں،جو بھی فیصلہ ہو گا برابری کی بنیاد پر ہوگا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جو بھی بات بنے گی لانگ ٹرم بات ہوگی،خالی چیمپئن ٹرافی تک نہیں ہوگی،یہ معاملات اگلے کئی سال تک کے لئے طے کریں گے،جتنی پاکستان ٹیم پر توجہ دینی ہے اتنی توجہ انڈر19 پر دیں گے،اگلے آنےوالے دنوں میں پلان بنائیں گےکہ ان کھلاڑیوں پر کیسے کام کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: زمبابوے کیخلاف پہلا ٹی 20 ،پاکستان نے پلیئنگ الیون کا اعلان کر دیا