پیٹرول کتنے روپے سستا ہوگا؟ اہم خبر سامنے آ گئی

Aug 31, 2024 | 12:55:PM

(24نیوز)پیٹرول اور بجلی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے، غریب طبقے کیلئے اشیاءکی بڑھتی ہوئی قیمتیں وبالِ جان بن گئی ہیں، تاہم ایسے حالات میں خوشی کی خبر سامنے آئی ہے کہ  یکم ستمبر سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے.

تفصیلات کے مطابق عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان کے باعث پاکستانی عوام کو بھی ریلیف ملنے کا امکان ہے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کی تجویز سامنے آگئی ہے، ذرائع نے بتایا کہ ایک لیٹر پٹرول کی قیمت میں2 روپے 97 پیسے کمی کی تجویز زیرِغورہے۔

ایک لیٹر ہائی اسپیڈ ڈیزل 2 روپے 31 پیسے سستا کرنے ، ایک لیٹر مٹی کا تیل 1 روپے 39 پیسے سستا اور ایک لیٹر لائٹ اسپیڈ ڈیزل 1 روپے 96 پیسے سستا کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے،ردوبدل کی اس تجویز کی منظوری کے بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا اعلان کیا جائے گا ، جس کی نئی قیمت کا اطلاق  یکم ستمبر  سے ہوگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تیل کی بین الاقوامی قیمتوں میں کمی کی وجہ سے مجوزہ کمی سامنے آئی ہے، امریکی خام تیل دوہفتے میں 3.60فیصدکمی سے 74.69ڈالرفی بیرل تک گرگیا جبکہ لندن برینٹ آئل دو ہفتے میں 2.34 فیصد کمی سے 74.69 ڈالر فی بیرل پر آگیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: خلیل الرحمان قمر ہنی ٹریپ کیس، ملزمہ پر حراستی تشدد بارے تحریری حکم جاری

واضح رہے کہ اس سے قبل وفاقی حکومت نے یوم آزادی کے موقع پر عوام کو بطور تحفہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی تھی، پٹرول کی قیمت 8 روپے 47 پیسے کمی کے بعد 260 روپے 96 پیسے فی لیٹر ہوگئی تھی جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 6.07 روپے فی لیٹر کمی، نئی قیمت 266.07 روپے فی لیٹر ہوگئی تھی، 31 جولائی میں بھی حکومت نے   پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) کی قیمتوں میں بالترتیب 6.17 روپے اور 10.86 روپے کی کمی کی تھی۔
 

مزیدخبریں