(ویب ڈیسک)بیوی سے علیحدگی کے بعد منشیات کے جھوٹے الزام میں پھنسا کر سزائے موت دلوانے کی کوشش کرنے والے ایک شخص کو عدالت کی جانب سے 4 سال قید کی سزا سنادی گئی۔
سنگاپور میں ٹین ژیام لونگ نامی شخص نے اپنی بیوی کی گاڑی میں سیٹ کے نیچے آدھا کلو سے زائد مقدار میں بھنگ چھپا کر اسے پکڑوانا چاہا تھا۔
خیال رہے کہ سنگاپور میں منشیات کے حوالے سے انتہائی سخت قوانین نافذ ہیں جن کے تحت سزائے موت بھی سنائی جاسکتی ہے۔
ٹین اور ان کی بیوی کی 2021 میں شادی ہوئی اور ایک سال بعد ہی دونوں میں علیحدگی ہو گئی تاہم وہ طلاق کے لیے مقدمہ نہیں کرسکے کیوں سنگاپور کے قانون کے مطابق قانونی طلاق کے لیے شادی کو 3 سال کا عرصہ گزرنا لازمی ہے۔
ٹین کا خیال تھا کہ اگر ان کی بیوی کا مجرمانہ ریکارڈ ہوگا تو شاید انہیں اس قانون سے استثنیٰ مل جائے گی اور جلد طلاق ہوجائے گی۔
چنانچہ گزشتہ برس ٹین نے اپنی بیوی کو پھنسانے کے لیے ایک منصوبہ بنایا اور ٹیلی گرام کے ایک چیٹ گروپ کےذریعے بھنگ خریدی جسے انہوں نے اپنی بیوی کی گاڑی میں چھپایا، تاہم ٹین کی بدقسمتی یہ تھی کہ انہیں علم نہیں تھا کہ اس گاڑی میں کیمرا نصب ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عالمی مارکیٹ میں سونا سستا، پاکستان میں مہنگا ہوگیا
گاڑی کے کیمرے سے جب ان کی اہلیہ کو موبائل فون پر نوٹیفکیشن موصول ہوا تو انہوں نے اس کی لائیو فوٹیج دیکھی جس میں ان کے شوہر گاڑی کے قریب پائے گئے، جس پر انہوں نے پولیس میں ہراسانی کی شکایت کردی۔
تاہم جب پولیس نے گاڑی کی تلاشی لی تو اس میں منشیات برآمد ہونے پر ٹین کی اہلیہ کو گرفتار کرلیا، تاہم کوئی ثبوت نہ ملنے پر تحقیقات کا رخ ٹین کی جانب موڑ دیا۔عدالتی دستاویزات کے مطابق ٹین کا مقصد اپنی بیوی کو ڈرانا اور انہیں قانونی مشکلات میں مبتلا کرنا تھا۔
چنانچہ عدالت نے ان کی بیوی کی بجائے انہیں بھنگ رکھنے کے جرم میں 3 سال اور10 ماہ قید کی سزا سنادی، ٹین کے وکیل نے عدالت میں دلائل پیش کرنے کی کوشش کی کہ جب انہوں نے اس جرم کا ارتکاب کیا تو وہ ڈپریشن کا شکار تھے۔
تاہم عدالت نے ڈاکٹروں کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے اسے یہ کہہ کر مسترد کر دیا کہ وہ کسی ذہنی عارضے میں مبتلا نہیں ہیں،سنگاپور میں منشیات رکھنے کی سزا قید ہے جبکہ منشیات کی اسمگلنگ پر سزائے موت ہوسکتی ہے۔