(احمد منصور)پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس میں سیکورٹی صورتحال، جدید ہتھیاروں کی ضرورت، ساحلی ترقی اور آپریشنل تیاریوں پر غور کیا گیا۔
پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس کا انعقاد نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں کیا گیا جس کی صدارت سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے کی، جس میں نیول چیف کو فروری 2025 میں ہونے والی پاک بحریہ کی کثیرالجہتی مشق 'امن' اور 'امن ڈائیلاگ' کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
کانفرنس میں میری ٹائم سیکیورٹی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے جدید ہتھیاروں اور ٹیکنالوجی کے حصول کی اہمیت پر بھی بات چیت کی گئی۔
کانفرنس میں بحیرہ ہند میں سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور قومی سمندری تجارتی گزرگاہوں کی حفاظت و سلامتی کے اقدامات پر غوربھی کیا گیا،جس پر نیول چیف نے ملکی بحری سرحدوں کے دفاع کے لیے پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اس کے علاوہ نیول چیف نے ساحلی علاقوں کی ترقی اور فلاح و بہبود کے لیے اقدامات کو تیز کرنے پر زور دیا اور پاک بحریہ کے جاری اور مستقبل کے منصوبوں پر بریفنگ بھی حاصل کی۔
یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم شہباز شریف نے’ اڑان پاکستان‘ پروگرام کا افتتاح کردیا