عالمی منڈی میں پاکستانی چاول کی مانگ 50 فیصد تک بڑھ گئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک ) چاول کی عالمی منڈی سے بھارت آؤٹ اور پاکستان ان ہو گیا،پاکستانی چاول کی مانگ میں 50 فیصد تک اضافہ ہو گیا۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق پاکستان نے رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں ڈیڑھ ارب ڈالر مالیت کا چاول برآمدکیا ہے، ماہراجناس شمس الاسلام خان کے اندازے ہیں کہ پاکستان رواں مالی سال 3 ارب ڈالر مالیت کا ریکارڈ 50 لاکھ ٹن چاول برآمدکرےگا،خیال رہےکہ چاول کی عالمی تجارت میں بھارت کا حصہ 40 فیصد ہے لیکن الیکشن جیتنےکے لیے مودی سرکار نے چاول برآمد کرنے پر جولائی سے پابندی عائد کر رکھی ہے،فیصلے سے بھارت میں چاول کی قیمت کم ہوگی لیکن دنیا کے تقریباً 150 ممالک بھارتی فیصلے سے چاول کی مہنگائی محسوس کر رہے ہیں۔
پاکستان کو البتہ بھارتی فیصلے کا فائدہ ہوا ہے، اسٹیٹ بینک کے مطابق پاکستان نے رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں ڈیڑھ ارب ڈالر مالیت کا 25 لاکھ ٹن چاول دنیا کو بیچا ہے،بھارتی پابندی کو دنیا کے کئی ملکوں نے بلاجواز قرار دیا ہے، اقوام متحدہ نے ورلڈ فوڈ پروگرام کے چاول کی خریداری ٹینڈر میں بھارتی ایکسپورٹرز کو بولی دینے سے روک دیا ہے، اس دوران پاکستانی چاول مختلف ملکوں تک پہنچ رہا ہے، عام اندازے ہیں کہ پاکستان رواں مالی سال دنیا کو ریکارڈ چاول بیچےگا۔
پاکستانی چاول روس، میکسیکو اور انڈونیشیا برآمد ہوا، 2023 میں پاکستان نے پہلے 6 ماہ میں 1 ارب ڈالرکا چاول ایکسپورٹ کیا تھا، برآمد بڑھنے سے پاکستان میں مقامی سطح پر چاول کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیں ؛ ایلون مسک سے امیر ترین آدمی کا اعزاز چھن گیا، اب کس نمبر پر چلے گئے ؟