امریکافضائی حادثہ،مرنیوالی پاکستانی خاتون عسری حسین کو جہاز کا سفر پسند نہیں تھا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)امریکا میں المناک فضائی حادثے میں مسافر طیارہ اور فوجی بلیک ہاک ہیلی کاپٹر آپس میں ٹکرا نے کے نتیجے میں جہاز میں سوار 67 مسافر، عملے کے 4 ارکان اور ہیلی کاپٹر میں موجود 3 فوجی اہلکار جاں بحق ہوگئے۔ بدقسمتی سے اس افسوسناک حادثے میں پاکستانی خاتون عسری حسین بھی شامل تھیں۔عسری کو ہوائی سفر پسند نہیں تھا۔
رپورٹ کےمطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والی عسری حسین کے شوہر حماد رضا نے میڈیا کو بتایا کہ 30 جنوری کی رات 8 بجے جب ان کی اہلیہ کا طیارہ ریگن نیشنل ایئرپورٹ کے قریب پہنچا تو انہوں نے ایک ٹیکسٹ میسج بھیجا کہ جہاز لینڈ کرنے والا ہے۔ حماد نے فوراً جواب دیا، لیکن بدقسمتی سے وہ پیغام وصول نہیں ہوسکا، جس پر انہیں تشویش لاحق ہوگئی۔ بعد میں یہ خدشہ حقیقت میں بدل گیا، اور عسری حسین کا وہ پیغام زندگی کا آخری پیغام ثابت ہوا۔عسری حسین امریکن ایئرلائنز کی پرواز 5342 میں سوار تھیں، جو ایک فوجی بلیک ہاک ہیلی کاپٹر سے ٹکرا گئی۔ وہ ریاست کینساس کے شہر ویچیٹا سے میزوری واپس آرہی تھیں، لیکن یہ سفر ایک المناک سانحے میں تبدیل ہوگیا۔26 سالہ عسری حسین اور ان کے 25 سالہ شوہر حماد رضا انڈیانا یونیورسٹی کے گریجویٹ تھے۔ حماد ایک مشہور مالیاتی فرم ارنسٹ اینڈ ینگ میں اکاؤنٹنٹ کے طور پر ملازم ہیں۔ ان کے قریبی دوست کے مطابق عسری اور حماد کی دو سال قبل شادی ہوئی تھی۔ عسری کو ہوائی سفر پسند نہیں تھا، اور وہ ہمیشہ جہاز کے سفر کو غیر آرام دہ سمجھتی تھیں۔حماد کے والد، ڈاکٹر ہاشم رضا کا تعلق کراچی سے ہے۔ وہ ریاست میزوری کے مایہ ناز ترین ڈاکٹروں میں شمار کیے جاتے ہیں۔وہ ڈاؤ یونیورسٹی کے فارغ التحصیل ہیں اور اس وقت میزوری بیپٹسٹ میڈیکل سینٹر میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔
یہ بھی پرڑھیں:سیف علی خان حملہ کیس میں اہم پیش رفت سامنے آگئی