عظمیٰ بخاری کی جعلی ویڈیو کا مقدمہ، ایف آئی اے کا اکاؤنٹس کی تفصیلات کیلئے امریکی حکومت سے رابطہ

Jul 31, 2024 | 18:30:PM

(عرفان ملک) لیگی رہنما عظمیٰ بخاری کی جعلی ویڈیو اپ لوڈ کرنے کے مقدمے میں اہم پیش رفت سامنے آ گئی، ایف آئی اے نے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی تفصیلات کیلئے امریکی حکومت سے رابطہ کر لیا۔

پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما اور وزیراطلاعات و نشریات پنجاب عظمیٰ بخاری کی جعلی ویڈیو اپ لوڈ کرنے کے معاملے میں ایف آئی اے نے تحقیقات کا دائرہ کار وسیع کر دیا، ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی تفصیلات کے لئے امریکی حکومت سے رابطہ کر لیا۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق ایف آئی اے نے امریکن حکومت سے انٹرپول کی مدد سے رابطہ کیا، تحریک انصاف کی کارکن فلک جاوید اور ویڈیو اپ لوڈ کرنے والے دیگر اکاؤنٹس کی تفصیلات امریکن حکومت سے مانگی گئیں، ایف آئی اے نے فلک جاوید کو بھی سائبر کرائم ونگ میں طلب کر لیا، ایف آئی اے نے فلک جاوید کے گھر پر نوٹس چسپاں کر دیا، فلک جاوید کے لاہور میں گھر پر تالا لگا ہونے کی وجہ سے گیٹ پر نوٹس چسپاں کیا گیا۔

 ایف آئی اے حکام کا مزید کہنا ہے کہ ایف آئی اے نے دیگر سوشل میڈیا اکاؤنٹس جہاں جعلی ویڈیوز اپ لوڈ کی گئیں ان کی شناخت کے لیے نادرہ کو بھی مراسلہ لکھ دیا ہے، نادرہ سے ان اکاؤنٹس ہولڈرز کی شناخت کے بعد ان افراد کے خلاف کاروائی کی جائے گی، عظمیٰ بخاری کی ویڈیوز اوورسیز پاکستانیوں کے اکاؤنٹس سے بھی اپ لوڈ کی گئیں۔

یہ بھی پڑھیں: احسن اقبال ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن کے بعداہم کمیٹی کی سربراہی سے بھی محروم

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ جعلی ویڈیوز اپ لوڈ کرنے والے اوورسیز پاکستانیوں کو نادرہ سے نشاندہی کے بعد قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

مزیدخبریں