(عامر شہزاد)وزیراعلیٰ خیبرپختونخواعلی امین گنڈاپور نے کہاکہ خیبرپختونخوا پولیس پورے ملک کی جنگ لڑرہی ہے، پولیس شہداکے لواحقین کو ہر ممکن سپورٹ فراہم کیا جائے گا، پولیس سمیت دیگر تمام فورسز کے شہداکے لواحقین کو پلاٹس دے رہے ہیں،پولیس میں بھرتی کیلئے شہداکے بچوں کا کوٹہ 5 فیصد سے بڑھا کر 12.5 فیصد کر دیا گیا ہے ، پولیس کی تمام ضروریات ترجیحی بنیادوں پر پوری کی جائیں گی ۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈا پور نے سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹرکا دورہ کیا،وزیراعلیٰ نے سی ٹی ڈی کی استعداد کو بڑھانے کیلئے نو تعمیر شدہ انویسٹی گیشن اور انٹیلی جنس بلاک کا افتتاح کیا،جدید سہولیات سے آراستہ انویسٹی گیشن اینڈ انٹیلی جنس بلاک میں جدید طرز کے آڈیٹوریم ، کانفرنس روم ، لائبریری ، دفاتر اور دیگر سہولیات شامل ہیں۔
متعلقہ حکام کی جانب سے وزیراعلیٰ کو سی ٹی ڈی کی استعداد کار بڑھانے کیلئے موجودہ صوبائی حکومت کے اقدامات پر بریفنگ دی گئی،وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ دہشتگردی کے مقدمات میں تکنیکی معاونت کیلئے ڈیٹا کلیکشن سیکشن، ڈیٹا مائننگ سیکشن ، کرائم سین یونٹ اور سائبر کرائم یونٹس قائم کئے گئے ہیں،انٹیلی جنس کے نظام کو موثر بنا نے کیلئے سنٹرل انٹیلی جنس ایجنسی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، دہشتگردوں کی مالی معاونت اور بھتہ خوری کی روک تھام کیلئے کاؤنٹر ٹیرازم فنانسنگ ایند ایکسٹارشن یونٹ قائم کیا گیا ہے۔
ملاقات میں سی ٹی ڈی کی تحقیقاتی اور تکنیکی استعداد کو بڑھانے کیلئے ڈی جی آئی ٹی اورڈی جی ریسرچ انالسسز کی آسامیوں کی منظوری دی گئی ہے ، سی ٹی ڈی کا دائرہ کار بڑھانے کیلئے صوبہ بھر میں سی ٹی ڈی کے ریجنل ہیڈکوارٹر اور تمام ضم شدہ اضلاع میں سی ٹی ڈی کے دفاتر کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، دہشتگردی کے مقدمات کی موثر پیروی کیلئے 18 پبلک پراسکیوٹرز کی آسامیاں تخلیق کی گئی ہیں،سی ٹی ڈی انٹیلی جنس کو بہتر بنانے کیلئے 314 ڈیٹکٹیو آفیسر کی آسامیاں تخلیق کی گئی ہیں۔
آپریشن کی استعداد کو بہتر بنانے کیلئے تمام اضلاع کی سطح پر جدید ہتھیاروں اور آلات سے لیسSWATٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں،فرانزک لیب میں جدید آلات کی فراہمی اور تربیت یافتہ ماہرین کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے،سی ٹی ڈی کی 30 عدد گاڑیوں میں جیمرز نصب کئے گئے ہیں،انٹیلی جنس اور انوسٹی گیشن عملے کی استعداد بہتر بنانے کیلئے جدید لیپ ٹاپس اور موبائل فونز فراہم کئے گئے ہیں، حساس اضلاع میں سی ٹی ڈی کو سات عدد بلٹ پروف گاڑیوںفراہم کر دی گئی ہیں،دہشتگردوں کی نقل و حمل کی نگرانی کیلئے جدید ڈرونز ، نائٹ وژن آلات اور تھرمل گنز فراہم کئے گئے ہیں،سی ٹی ڈی کی افرادی قوت میں مجموعی طور پر 1263 افرادکا اضافہ کر دیا گیا ہے جس سے سی ٹی ڈی عملے کی تعداد 3167 سے بڑھ کر 4430 ہوگئی ہے۔
وزیراعلیٰ کو بتایاگیا کہ موجودہ صوبائی حکومت کے ان اقدامات سے سی ٹی ڈی کی مجموعی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے،سی ٹی ڈی نے انٹیلی جنس بنیادوں پر کئی کامیاب کارروائیاں کی ہیں جن سے دہشت گردی کے کئی منصوبے ناکام ہو گئے ، ان اقدامات سے دہشت گردی کے مجرمان کو سزا دلانے کی شرح 50 فیصد بڑھ گئی ہے، سی ٹی ڈی کی پراسکیوشن برانچ کو فعال بنانے سے دہشت گردوں کو سزا دلوانے کی شرح میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، سال2022 میں عدالتوں سے دہشت گردوں کو سزا دلانے کی شرح 13 فیصد تھی جو اب بڑھ کر 38 فیصد ہو گئی ہے، انوسٹی گیشن کے عمل کو بہتر بنانے سے اب ملزمان کی ریمانڈاوسطاً 1.4 دن سے بڑھ کر اب 25 دن ہو گئی ہے، 2022 میں عدالتوں سے ملزمان کی 55 ضمانتیں مسترد ہوئیں جبکہ سال2024 میں 123 درخواستیں مسترد ہوئیں۔
یہ بھی پڑھیں:منشیات برآمدگی کیس:معروف اداکارہ کے شوہر کو15سال قیدکی سزا
وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہاکہ سال2023 میں خیبر پختونخوا میں سی ٹی ڈی سیٹ اپ نہ ہونے کے برابر تھا،گزشتہ ایک سال کے دوران صوبے میں سی ٹی ڈی کو ہنگامی بنیادوں پر مستحکم کیا گیا ہے ، اس دوران سی ٹی ڈی کی کارکردگی میں بہت زیادہ بہتری آئی ہے ، سی ٹی ڈی کو اس حد تک مستحکم بنانے پر میں پولیس کی پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، سی ٹی ڈی کو مزید مستحکم کرنے کیلئے کل ہی مزید ایک ارب روپے جاری کئے جائیں گے ،فرانزک لیب کے حوالے سے اب خیبرپختونخوا کو کسی اور صوبے سے مدد لینی نہیں پڑرہی۔
علی امین گنڈاپور نے کہاکہ سی ٹی ڈی کے تمام سٹیشنز کیلئے 20 بم پروف گاڑیاں جلد ہی خریدی جائیں گی ، اس کے علاوہ سی ٹی ڈی کیلئے مزید ہائی ٹیک کٹس ، سنائپر گنز ،ہائی ٹیک ڈرونز اور تھرمل آلات خریدے جائیں گے ، ملک کیلئے جانیں دینے والے پولیس شہداءاور اُن کے لواحقین کو سلام پیش کرتے ہیں،خیبرپختونخوا پولیس پورے ملک کی جنگ لڑرہی ہے، پولیس شہداءکے لواحقین کو ہر ممکن سپورٹ فراہم کیا جائے گا، پولیس سمیت دیگر تمام فورسز کے شہداءکے لواحقین کو پلاٹس دے رہے ہیں،پولیس میں بھرتی کیلئے شہداءکے بچوں کا کوٹہ 5 فیصد سے بڑھا کر 12.5 فیصد کر دیا گیا ہے ، پولیس کی تمام ضروریات ترجیحی بنیادوں پر پوری کی جائیں گی ۔
یہ بھی پڑھیں:پہلا ٹی ٹوئنٹی، پاکستان نے زمبابوے کو جیت کیلئے ہدف دیدیا