(24نیوز) ایچ بی ایل پی ایس ایل 10 کی پلیئرز ڈرافٹنگ لاہور کے حضوری باغ میں ہوئی جہاں فرنچائز مالکان اور ٹیم منیجمنٹ نے اپنی ٹیموں کی تشکیل کی۔
سرفراز احمد 2016 کے افتتاحی ایڈیشن کے بعد پہلی بار ڈرافٹ کا حصہ بنے مگر کسی بھی ٹیم نے انہیں منتخب نہیں کیا۔ تاہم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر نے سابق کپتان سرفراز احمد کو نئی ذمہ داری دیتے ہوئے ٹیم کا کوچ مقرر کر دیا۔ اس کے ساتھ ہی شعیب ملک کو سپلیمنٹری پلیئر کے طور پر منتخب کیا گیا۔
ندیم عمر نے لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سرفراز احمد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جان ہیں اور ہم انہیں چھوڑ نہیں سکتے، وہ ایک نئے رول میں دکھائی دیں گے اور معین خان کی نگرانی میں سیکھیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:ون ڈے میچ میں بیٹر کی سونامی اننگ، نا قابل شکست ’’ٹرپل سنچری‘‘، تاریخ رقم
ندیم عمر نے مزید کہا کہ سرفراز احمد اس سیزن میں کوچ کے طور پر کام کریں گے جبکہ وہ اور معین خان بیک سیٹ پر ہوں گے اور سرفراز احمد سامنے ہوں گے۔
یاد رہے کہ سرفراز احمد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ساتھ پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن میں کامیاب کپتان تھے تاہم انہیں پی ایس ایل نائن میں ٹیم سے باہر کر دیا گیا تھا اور جنوبی افریقا کے رائلی روسو نے ان کی جگہ کپتانی سنبھالی تھی۔
سرفراز احمد نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ٹیم میں کھیلنے کا موقع دینے پر ان کا شکر گزار ہوں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ساتھ گزرے ہر لمحے کو یاد رکھیں گے اور ان کی نیک تمنائیں ہمیشہ اپنی ٹیم کے ساتھ رہیں گی۔
مزید پڑھیں: پی ایس ایل 10 کی ڈرافٹنگ: کون سی ٹیم نے کس کھلاڑی کو خریدا؟