پاکستان کا 78واں یوم آزادی،گھر گھر جشن، ریلیاں، قومی پرچموں کی بہار،ملک زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا
دن کا آغاز نماز فجر میں ملکی ترقی اور یکجہتی کی خصوصی دعاؤں سے ہوا، وفاقی و صوبائی دارالحکومتوں میں توپوں کی سلامی دی گئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)آج ملک بھر میں پاکستان کا 78 واں یوم آزادی انتہائی جوش و خروش اور قومی جذبے کے ساتھ منایا جا رہاہے ، دن کا آغاز نماز فجر میں ملکی ترقی اور یکجہتی کی خصوصی دعاؤں سے ہوا، وفاقی و صوبائی دارالحکومتوں میں توپوں کی سلامی دی گئی۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 توپوں کی سلامی دی گئی جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21۔21 توپوں کی سلامی دی گئی،جشن آزادی کے موقع پر شاعر مشرق علامہ اقبال کے مزار اور مزار قائد کراچی پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقاریب منعقد ہوئیں۔
کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور ، کوئٹہ اور ملتان سمیت ملک کے کونے کونے میں چراغاں اور آتشبازی کے ساتھ ملی نغموں اور سبزہلالی پرچموں کی بہار آگئی،یوم آزادی کی مناسبت سے پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں آزادی پریڈ کا انعقاد کیا گیا جہاں کیڈٹس کا مارچ پاسٹ ہوا۔
یوم آزادی کی تقریب میں رات 12 بجتے ہی پرچم کشائی کی گئی، سب نے مل کر قومی ترانہ پڑھا، پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگایا اور مادر وطن کے شہدا کو خصوصی خراج عقیدت پیش کیا۔
ضرورپڑھیں:ہمیں مل کر پاکستان کو آگے لے کر جانا ہے: اسحاق ڈار
کاکول اکیڈمی میں منعقدہ یوم آزادی کی تقریب میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے،رات 12 بجتے ہی جشن آزادی کے آغاز پر لاہور میں گریٹر اقبال پارک میں آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا اس موقع پر لیزر لائٹ کا بھی اہتمام تھا جسے دیکھنے کیلئے ہزاروں شہری جمع ہوگئے۔
کراچی میں پورٹ گرینڈ میں آتشبازی کا مظاہرہ دیکھنے کیلئے عوام کی بڑی تعداد جا پہنچی جبکہ گورنر ہاؤس میں بھی جشن آزادی کی تقریب منعقد کرکے آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا۔
اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں شاندار آتشبازی کا اہتمام کیا گیا، تقریب میں پیرس اولمپکس کے گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کی بھی شریک ہوئے جبکہ راولپنڈی کے راجہ بازار میں ایک کلومیٹر طویل قومی پرچم لہرایا گیا۔
کوئٹہ کے نواب اکبر بگٹی اسٹیڈیم میں جشن آزادی پر شاندار آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا جبکہ گورنر ہاؤس پشاور میں بھی جشن آزادی کی مناسبت سے آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا۔یوم آزادی کے سلسلے میں بلوچستان اسمبلی کے سبزہ زار میں پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار کا کہنا تھا کہ مل کرعہد کریں ہم نےکسی سازش کا حصہ نہیں بننا، ہمیں مل کر پاکستان کو آگے لے جانا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے مزار اقبال پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی، اس کے علاوہ انہوں نے مزار اقبالؒ پر فاتحہ خوانی کی۔وزیراعلیٰ پنجاب نے ملک کی سالمیت، ترقی و خوشحالی، استحکام کے لیے دعا کی، انہوں نے شاعر مشرق علامہ محمداقبالؒ کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا، اس کے علاوہ مریم نواز شریف نے شاہی قلعہ کے عالمگیری دروازے پر پرچم کشائی کی۔
’پرامن اور جمہوری جدوجہد کے ذریعے پاکستان کا قیام تاریخ کا ایک بے مثل اور بے نظیر باب ہے‘
صدر آصف علی زرداری نے پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر پیغام میں کہا کہ پاکستان کے 78ویں یوم ِآزادی پر پوری پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، یوم آزادی حق خود ارادیت کیلئے ہندوستانی مسلمانوں کی تاریخی سیاسی جدوجہد کا نقطہ عروج ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ پرامن اور جمہوری جدوجہد کے ذریعے پاکستان کا قیام تاریخ کا ایک بے مثل اور بے نظیر باب ہے، پاکستان کیلئے ان گنت قربانیاں دینے والے تحریک ِپاکستان کے رہنماؤں، کارکنان اور اپنے آباؤ اجداد کو خراج ِعقیدت پیش کرتے ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر كام کرنا ہوگا، ملکی اتحاد، سالمیت اور معاشی استحکام کیلئے پرعزم ہو کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
پوری قوم تحریک پاکستان کے گمنام ہیروز کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے:وزیراعظم
یوم آزادی پر وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستانی قوم کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتےہوئے کہا کہ پوری قوم تحریک پاکستان کے گمنام ہیروز کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے، ان ہیروز نے ایک آزاد مملکت کے قیام کے لیے انتھک جدوجہد کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ہمارے اسلاف کی بے مثال قربانیوں کے نتیجے میں دنیا کے نقشے پر ابھرا، گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران پاکستان نے اہم سنگ میل عبور کیے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قدرتی آفات اور معاشی و سماجی مشکلات کے ذریعے پاکستانی قوم کی ہمت اور استقامت کا امتحان لیا گیا، پاکستان کی غیور و بہادر قوم کے عزم اور اتحاد کا جذبہ ہمیشہ غالب رہا۔ پاکستان کی ترقی میں بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے کلیدی کردار کو سراہتا ہوں، مجھ سمیت پوری قوم کو آپ کی محنت اور کامیابیوں پر فخر ہے۔