کل سے 20 جولائی تک بارشوں کاسلسلہ جاری ، محکمہ موسمیات کی اہم پیشگوئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(کومل اسلم، عائمہ خان)محکمہ موسمیات نے آج ملک کے مختلف شہروں میں بارش جبکہ پنجاب بھر کے مختلف علاقوں میں کل سے 20 جولائی تک بارشوں کی پیشگوئی کر دی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا تاہم با لائی خیبر پختونخوا، زیریں سندھ، گلگت بلتستان اورکشمیر میں چند مقامات پرتیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
اسلام آباد اور گر دو نواح میں دن کے اوقات میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا تاہم کل صبح گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش ہو سکتی ہے،پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا،خیبرپختونخواکے بیشتر میدانی اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا تاہم دیر، سوات،چترال، کوہستان، شانگلہ،بونیر، بٹگرام، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، خیبر، مہمند،باجوڑ، مردان، پشاور، کرم، بنوں اوروزیرستان میں تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
بلوچستان اور سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا تاہم ژوب اور قلعہ سیف اللہ میں چند مقا مات پر آندھی/جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ سندھ کے بیشتر علاقوں میں شام/رات میں تھرپارکر، عمرکوٹ، مٹھی، میرپور خاص اورسانگھڑ میں چند مقامات پر آندھی/جھکڑچلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے، کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ا برآلود رہنے کے علاوہ چند مقا مات پرتیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں:بھارت:مسافروں سے بھری بس پُل سے نیچے جاگری،ویڈیو وائرل
دوسری جانب پنجاب بھر میں آج سے 20جولائی تک مون سون بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے، ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ شدید بارشوں کے امکانات ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں ہے، لاہور کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، آئندہ دو روز کے دوران شہر کا موسم گرم اور خشک رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہرکا موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، گرمی کی شدت 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کی جارہی ہے، جب کہ ہوا میں نمی کا تناسب 74 فیصد ہے، شمال مغربی سمت سے 11 کلو میٹرفی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔
محکمہ موسمیات کا مزید کہناہے کہ شہر کراچی میں گرمی کا راج،آج پارہ 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے،شہر میں اس وقت مطلع جزوی ابر آلود ہے،محکمہ موسمیات کے مطابق شمال مغربی سمت سے11 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں،شہر میں آج بھی رات و شام میں بونداباندی اور ہلکی بارش کا امکان ہے، موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ہے،ہوا میں نمی کا تناسب 74 فیصد ہے ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہے گا جبکہ 18 جولائی سے شہر میں مون سون ہواؤں کا ایک اور اسپیل داخل ہوگا جو 20 جولائی سے شہر قائد میں تیز بارش متوقع ہے۔
17سے 19جولائی کے دوران جنوبی پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آندھی اور تیز بارش کے امکانات ہیں۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا تھا کہ 10محرم الحرام کو ممکنہ مون سون بارشوں کے باعث انتظامیہ خصوصی اقدامات کرے۔
یہ بھی پڑھیں:9 محرم الحرام ،عزاداروں کیلئے سبیلوں اور لنگر حسینی کا اہتمام
محرم کے جلوسوں کی انتظامیہ موسم کی شدت کو مدِنظر رکھتے ہوئے حفاظتی اقدامات کرے۔ خستہ حال چھتوں اور بوسیدہ عمارتوں میں محافل کے انعقاد سے گریز کریں۔ عاشورا کے موقع پر تمام ریسکیو ادارے الرٹ رہیں، بارشوں سے پنجاب کے ندی نالے بپھر سکتے ہیں۔
اربن فلڈنگ کے خطرے کے پیش نظر بڑے شہروں کی انتظامیہ الرٹ رہے اور پیشگی انتظامات مکمل کریں۔ ڈی جی عرفان علی کاٹھیا کا مزید کہنا تھا کہ طوفان سے بجلی کے کھمبوں، سولر پلیٹوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ موسمی صورتحال کے پیش نظر متعلقہ انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔