جی آیاں نوں،ایرانی صدر کالاہور میں شاندار استقبال،وزیراعلیٰ مریم نواز سے ملاقات

ایرانی صدر کا وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور صوبائی وزراء نے استقبال کیا،ڈاکٹرابراہیم رئیسی نے  شاعر مشرق علامہ محمداقبالؒ کےمزارپرحاضری دی،فاتحہ خوانی کی

Apr 23, 2024 | 10:13:AM

Read more!

(24 نیوز)ایرانی صدر ابراہیم رئیسی پاکستانی دورے کے دوسرے روز لاہورپہنچ گئے،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ایئرپورٹ پر معزز مہمان کااستقبال کیا،ایرانی صدر ایئر پورٹ سے مزار اقبالؒ پہنچے،،پنجاب رینجرز کے چاق و چوبند دستے نے مزار اقبالؒ پر گارڈ آف آنر پیش کیا،معزز مہمان کی شاعر مشرق کےمزار پر حاضری،پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی،مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کئے۔

ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کا لاہور پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا،ایرانی صدر کا وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور صوبائی وزراء نے استقبال کیا ۔ اس موقع پر سینیٹر پرویز رشید، وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری، وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع ، صوبائی وزرا سلمان رفیق، بلال یاسین، چوہدری شافع، چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس اور ایرانی قونصل جنرل مہران مواحدفر سمیت دیگر حکام موجود تھے۔

ایرانی صدرابراہیم رئیسی سے وزیراعلیٰ پنجاب  مریم نوازنے ملاقات کی۔ایرانی صدرگورنرپنجاب بلیغ الرحمان سےبھی ملے،سفارتی ذرائع کے مطابق گورنر پنجاب کیجانب سےایرانی صدرکو ظہرانہ دیا گیا۔ڈاکٹرابراہیم رئیسی نے  شاعر مشرق علامہ محمداقبالؒ کےمزارپرحاضری دی،فاتحہ خوانی کی ۔

ایرانی خاتون اول ڈاکٹر جمیلہ علم الہدیٰ رئیسی کا یونیورسٹی آف ہوم اکنامکس کا دورہ

ادھر ایرانی خاتون اول ڈاکٹر جمیلہ علم الہدیٰ رئیسی نے یونیورسٹی آف ہوم اکنامکس کا دورہ کیا،سینئر وزیر مریم اورنگزیب ، ڈاکٹر جعفر روناس ،ڈی سی لاہور رافعہ حیدر ہمراہ تھیں۔ایس ایس پی انویسٹی گیشن ڈاکٹر انوش مسعود بھی ہمراہ مہمان خاتون اول کے ساتھ موجود رہیں۔

ایرانی خاتون اول کے اعزاز میں جامعہ عروۃ الوثقٰی کے زیر اہتمام تقریب منعقد کی گئی ،تقریب کا انعقاد خانہ فرہنگ جمہوری اسلامیہ لاہور میں کیا گیا،ایرانی خاتون اول ڈاکٹر جمیلہ علم الہدیٰ رئیسی کی بطور مہمان خصوصی شریک ہوئیں۔تقریب میں ڈی جی خانہ فرہنگ ایران ڈاکٹر جعفر روناس ،خانم طیبہ نقوی ،سمیعہ راحیل قاضی شریک ہوئیں ۔اس کے علاوہ جامعہ عروۃ الوثقٰی، جماعت اسلامی اور منہاج القرآن سے وابستہ خواتین موجود تھیں۔
تقریب کا عنوان خواتین کا بدلتے معاشرے میں کردار رکھا گیا ہے،تقریب میں شرکاء نے پاکستان، ایران اور فلسطین کے جھنڈے لہرائے،خانہ فرہنگ میں مہمانوں کو اعزازی ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔

ضرورپڑھیں:ایران کے صدر سے آرمی چیف کی ملاقات، خطے کی خوشحالی کیلئے مشترکہ کوششوں پر اتفاق

یاد رہے ایرانی صدر دوروز سے پاکستان میں موجود ہیں،صدر ابراہیم رئیسی نے صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف،آرمی چیف جنرل عاصم منیر سمیت اہم شخصیات سے ملاقاتیں کی ہیں ۔وہ لاہور کے بعد کراچی بھی جائیں گے۔

خیال رہے کہ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے پاک ایران تجارتی معاہدوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ تجارتی معاہدوں پر پابندیوں کا خطرہ ہو سکتا ہے، تجارتی معاہدوں پر غور کرنے والوں کو ممکنہ پابندیوں کے خطرے سے آگاہ رہنے کا مشورہ دیتے ہیں۔

مزیدخبریں