جماعت اسلامی کا انکار،پی ٹی آئی جے یو آئی (ف)سے مل کر حکومت بنائے گی؟
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)جماعت اسلامی کے انکار کے بعدپی ٹی آئی نے نئی پارٹی ڈھونڈلی،جے یو آئی (ف)سے مل کر حکومت بنانے پر غورشروع کردیا۔
ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان کی خیبرپختونخوا اسمبلی میں نشستیں موجود ہیں جس کے بعد پی ٹی آئی کا جے یو آئی کے ساتھ کےپی میں مخلوط حکومت بنانے کا امکان ہے۔ذرائع پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ مولانا اور ہم الیکشن سے متعلق تحفظات پر ایک صفحے پر ہیں، کل پی ٹی آئی اور جے یو آئی ف کی ملاقات میں بانی پی ٹی آئی کا پیغام بھی مولانا فضل الرحمان کو پہنچایا گیا تھا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز اسد قیصر کی سربراہی میں پی ٹی آئی کے وفد نے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی تھی اور پی ٹی آئی نے وزیراعظم کے امیدوار عمر ایوب کیلئے جے یو آئی ف سے ووٹ مانگا تھا۔
ضرورپڑھیں:مولانا فضل الرحمان کے الزامات،سابق آرمی چیف،سابق ڈی جی آئی کا ردعمل بھی آگیا
پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت نے بھی ایک بیان میں کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے پیغام دیا ہے کہ پریس کانفرنس میں مولانا کا نام لیکر کہا جائے کہ ہم ان سے بات چیت کے لیے تیار ہیں۔گزشتہ روز میڈیا پر یہ خبریں بھی سامنے آئی تھیں کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے خیبر پختونخوا میں حکومت سازی کے لیے پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین کے ساتھ رابطوں کی ہدایت کر دی ہے۔
بانی پی ٹی آئی نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے لیے علی امین گنڈا پور کو نامزد کیا ہے جبکہ اسپیکر کے پی اسمبلی کے لیے اسد قیصر کے بھائی عاقب اللہ کو نامزد کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ پی ٹی آئی نے حکومت سازی کیلئے جماعت اسلامی سے رابطہ کیا مگر جماعت اسلامی نے انکار کردیا ،دوسری جانب پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کے رابطے بحال ہوچکے ہیں۔آج ملاقات کا امکان بھی ہے۔